کراچی میں آج بھی موسلا دھار بارش کا امکان

سمندر میں موجود بادل شہر کا رخ کر سکتے ہیں، جس کے باعث تیز بارش کے ایک سے دو اسپیل متوقع ہیں۔

               
March 19, 2026 · قومی

کراچی: شہر میں آج بھی موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق دوپہر کے بعد بارش کا امکان ہے جبکہ سمندر میں موجود بادل شہر کا رخ کر سکتے ہیں، جس کے باعث تیز بارش کے ایک سے دو اسپیل متوقع ہیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج 50 ملی میٹر یا اس سے زائد بارش ریکارڈ ہو سکتی ہے، تاہم ہواؤں کی شدت گزشتہ روز کے مقابلے میں کم رہنے کا امکان ہے، بعض علاقوں میں ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔

ادارے کے مطابق تیز ہواؤں کے باعث مختلف مقامات پر بل بورڈز گرنے کے واقعات بھی پیش آئے، جس سے متعلق انتظامیہ کو پہلے ہی خبردار کیا جا چکا تھا۔

مزید بتایا گیا ہے کہ عید کے پہلے دن ہلکی بارش کا امکان برقرار ہے جبکہ 24 سے 27 مارچ کے دوران مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں بارش کا باعث بن سکتا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز شہر کے مختلف علاقوں میں تیز آندھی اور بارش کے باعث پیش آنے والے حادثات میں 19 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔ مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ بعض مقامات پر ہواؤں کی رفتار 90 سے 97 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ گئی تھی۔