سوشل میڈیا نے عید کارڈز کے برسوں پرانے رواج کو ختم کر دیا
ماضی میں رمضان المبارک کے آغاز کے ساتھ ہی بازاروں میں عید کارڈز کے رنگ برنگے اسٹالز سج جاتے تھے
سوشل میڈیا نے عید کارڈز کے برسوں پرانے رواج کو ختم کر دیا
ڈیجیٹل دور کی تیز رفتار زندگی نے عید کارڈز کے خوبصورت اور روایتی رواج کو تقریباً ختم کر دیا ہے، جو کبھی عید کی خوشیوں کا اہم حصہ ہوا کرتا تھا۔
ماضی میں رمضان المبارک کے آغاز کے ساتھ ہی بازاروں میں عید کارڈز کے رنگ برنگے اسٹالز سج جاتے تھے۔ لوگ اپنے پیاروں کے لیے کارڈز خریدتے، ان پر محبت بھرے پیغامات اور شاعری لکھتے اور بذریعہ ڈاک یا ذاتی طور پر انہیں پہنچاتے تھے۔
اس زمانے میں ڈاک خانوں پر عید کارڈز کی بکنگ عید سے چند روز قبل بند کر دی جاتی تھی تاکہ یہ بروقت اپنی منزل تک پہنچ سکیں۔ عید کارڈ وصول کرنا خوشی کا باعث بنتا تھا اور بہت سے لوگ انہیں یادگار کے طور پر سنبھال کر رکھتے تھے۔
تاہم اب واٹس ایپ، ایس ایم ایس اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے چند لمحوں میں مبارکباد کا پیغام پہنچانا ممکن ہو گیا ہے، جس کے باعث روایتی عید کارڈز کا استعمال نہ ہونے کے برابر رہ گیا ہے۔
محکمہ ڈاک کے ایک اعلیٰ افسر کے مطابق ایک وقت تھا جب رمضان شروع ہوتے ہی ڈاک خانوں میں عید کارڈز کے تھیلوں کے تھیلے جمع ہو جاتے تھے، مگر اب یہ منظر ماضی کا حصہ بن چکا ہے۔