ایران کی بڑی گیس فیلڈ کوتباہ کرنے کی ٹرمپ دھمکی

اگر ایران دوبارہ قطر پر حملہ کرتا ہے تو امریکہ اس گیس فیلڈ کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا سکتا ہے

               
March 19, 2026 · اہم خبریں

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کے حالیہ حملے کے بارے میں امریکہ کو پیشگی علم نہیں تھا۔

صدر ٹرمپ کے مطابق اسرائیل نے “غصے میں” ایک ایسا حملہ کیا جس میں مجموعی علاقے کے نسبتاً چھوٹے حصے کو نشانہ بنایا گیا، اور ایران کو بھی اس کارروائی کی پیشگی اطلاع نہیں تھی۔

صدر ٹرمپ نے ایران کی جانب سے قطر کے علاقے راس لفان میں ایل این جی گیس تنصیبات پر کیے گئے جوابی حملوں کو “بلا جواز اور غیر منصفانہ” قرار دیا

اور خبردار کیا کہ اگر ایران نے دوبارہ قطر کو نشانہ بنایا تو خطے میں کشیدگی مزید بڑھ سکتی ہے۔

انہوں نے ایران کے ساؤتھ پارس گیس فیلڈ کو نہایت اہم اور قیمتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر ایران دوبارہ قطر پر حملہ کرتا ہے تو امریکہ اس گیس فیلڈ کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا سکتا ہے

اور اسے تباہ کر دے گا۔ صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ ممکنہ امریکی کارروائی ایسی طاقت کی حامل ہوگی جیسی ایران نے پہلے کبھی نہیں دیکھی

تاہم انہوں نے کہا کہ وہ خطے میں تشدد اور تباہی کی اس سطح نہیں چاہتے، مگر قطر کی ایل این جی تنصیبات پر دوبارہ حملے کی صورت میں سخت اقدام سے گریز نہیں کیا جائے گا۔