صدر نے متعدد اہم ترمیمی بلز، تقرریوں، سول اعزازات اور سزاؤں میں کمی کی منظوری دے دی

پروفیسر سرور محمد خواجہ، راشد ملک اور زین العابدین احسن کو ان کی خدمات کے اعتراف میں ستارہ امتیاز دینے کی بھی منظوری دی گئی۔

               
March 19, 2026 · قومی

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے متعدد اہم ترمیمی بلز، تقرریوں، سول اعزازات اور سزاؤں میں خصوصی کمی کی منظوری دے دی ہے۔

ایوان صدر سے جاری اعلامیے کے مطابق منظور کیے گئے قانون سازی کے اقدامات میں پاکستان شہریت (ترمیمی) بل 2026، اخباری ملازمین (شرائطِ ملازمت) (ترمیمی) بل 2026، زکوٰۃ و عشر (ترمیمی) بل 2026، نیشنل آرکائیوز (ترمیمی) بل 2026 اور پاکستان نام و علامات (روک تھام و غیر مجاز استعمال) (ترمیمی) بل 2026 شامل ہیں۔

مزید برآں ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کارپوریشن (ترمیمی) بل 2026، نیا پاکستان ہاؤسنگ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ترمیمی) بل 2026، پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (ترمیمی) بل 2026 اور دانش یونیورسٹی اسلام آباد بل 2026 کی بھی منظوری دی گئی۔

صدرِ مملکت نے بلوچستان کے کوٹہ کے تحت اعزاز اسلم ڈار کو بطور رکن فیڈرل پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی) تقرر کرنے کی منظوری دی۔ پروفیسر سرور محمد خواجہ، راشد ملک اور زین العابدین احسن کو ان کی خدمات کے اعتراف میں ستارہ امتیاز دینے کی بھی منظوری دی گئی۔

ساتھ ہی صدر زرداری نے عیدالفطر اور یومِ پاکستان 2026 کے موقع پر سزاؤں میں خصوصی کمی کی بھی منظوری دی ہے۔