پی ٹی اے نے 3 بڑی ٹیلی کام کمپنیوں کو فائیو جی کے لائسنس جاری کر دئے
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے زونگ، جاز اور یوفون کو 5 جی کے لائسنس جاری کیے۔
زونگ اور جاز آج سے ہی 5 جی سروسز کا آغاز کر دیں گی، فائل فوٹو
پاکستان میں جدید انٹرنیٹ سروس 5 جی کے باقاعدہ آغاز کی راہ ہموار ہوگئی ہے، جہاں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے 3 بڑی ٹیلی کام کمپنیوں کو لائسنس جاری کر دیے۔
نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے زونگ، جاز اور یوفون کو 5 جی کے لائسنس جاری کیے ہیں، لائسنس کے اجرا کے بعد تینوں کمپنیاں ملک میں باقاعدہ طور پر 5 جی سروسز کا آغاز کر سکیں گی، جس سے صارفین کو تیز رفتار انٹرنیٹ اور جدید ڈیجیٹل سہولیات میسر آئیں گی۔
اکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے مطابق بڑی ٹیلی کام کمپنیاں مرحلہ وار سروس شروع کر رہی ہیں۔
پی ٹی اے کے مطابق زونگ اور جاز آج سے ہی 5 جی سروسز کا آغاز کر دیں گی، جبکہ یوفون چند روز بعد اس سروس کو متعارف کرائے گی۔
فائیو جی سپیکٹرم کے لائسنس کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان نے کہا کہ پاکستان میں موبائل ٹیکنالوجی کی ترقی کا آغاز 90 کی دہائی کے اوائل میں ہوا،2004 سے 2025 تک سپیکٹرم کے حوالے سے چار نیلامیاں کی گئیں۔
وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ کا کہنا تھا کہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے پروگرام کو چھوٹا رکھا گیا، پاکستان میں پہلی مرتبہ 5 جی سروس متعارف کرائی گئی ہے، کامیابی وزیر اعظم کی قیادت میں مکمل ٹیم ورک کے باعث ممکن ہوئی۔
ابتدائی مرحلے میں 5 جی سروسز ملک کے بڑے شہروں لاہور، کراچی، اسلام آباد، کوئٹہ اور پشاور کے اہم مقامات پر فراہم کی جائیں گی۔
ماہرین کے مطابق 5 جی ٹیکنالوجی کے آغاز سے انٹرنیٹ کی رفتار میں نمایاں اضافہ ہوگا، جس سے ڈیجیٹل سروسز، کاروبار اور آن لائن معیشت کو فروغ ملے گا۔