عید الفطر پر پیٹرولیم کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان۔ 74 روپے تک اضافے کی تجویز تھی، شہباز شریف
عوام کو ریلیف دینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ عام شہریوں پر مزید بوجھ نہ پڑے۔ وزیر اعظم
دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف سعودی ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے، فائل فوٹو
وزیراعظم شہباز شریف نے عیدالفطر کے موقع پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ عالمی معاشی اور سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ عام شہریوں پر مزید بوجھ نہ پڑے۔
وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ دل کی گہرائیوں سے پوری قوم کو عیدالفطر کی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عید قومی یکجہتی اور اجتماعی ذمہ داری کا تقاضا کرتی ہے، اور عید کی خوشیاں تب ہی مکمل ہوتی ہیں جب انہیں اپنے اردگرد لوگوں کے ساتھ بانٹا جائے۔
انہوں نے کہا کہ آج دنیا ایک غیرمعمولی آزمائش سے گزر رہی ہے، جبکہ خطے میں جاری کشیدگی نے عالمی معیشت اور امن و استحکام کو متاثر کیا ہے۔ ان کے مطابق خطے میں برادر ممالک کی توانائی تنصیبات پر حملوں نے بحران کو مزید بڑھا دیا ہے، جس کے باعث خدشہ ہے کہ صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے۔
وزیراعظم نے بتایا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے، اور چند ہفتے قبل جو تیل 72 ڈالر فی بیرل تھا وہ اب 158 ڈالر فی بیرل تک پہنچ چکا ہے، جس کے اثرات دنیا بھر میں محسوس کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ مہنگائی کے باعث مارچ کے آغاز میں ہی تیل کی قیمتوں میں 55 روپے فی لیٹر اضافہ عوام پر بھاری پڑا ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ انہیں پیٹرول کی قیمت میں 50 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 74 روپے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی گئی تھی، تاہم انہوں نے اس تجویز کو مسترد کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے حالات میں مزید اضافہ عام آدمی کی زندگی کو شدید متاثر کرتا، اس لیے حکومت نے عوامی مفاد میں قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔