اسلام آباد میں پشتو ٹک ٹاکر ثناء جاوید قتل، شوہر نے خودکشی کر لی
تھانہ ہمک کی حدود میں فائرنگ کا واقعہ، پولیس کے مطابق گھریلو ناچاقی ممکنہ وجہ قرار
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے تھانہ ہمک کی حدود میں پیش آنے والے ایک افسوسناک واقعے میں معروف پشتو ٹک ٹاکر ثناء جاوید، جو سوشل میڈیا پر آؤٹ لوفرہ کے نام سے جانی جاتی تھیں، کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا، جبکہ ملزم نے بعد ازاں خود کو گولی مار کر خودکشی کر لی۔
پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ لگنم ٹاور کے قریب پیش آیا جہاں مقتولہ کے شوہر محمد صادق نے مبینہ طور پر پہلے اپنی بیوی کو گولی ماری اور پھر خود کو سر میں فائر کرکے زندگی کا خاتمہ کر لیا۔
مقدمے کے متن کے مطابق جائے وقوعہ سے تین خول اور ایک نائن ایم ایم پستول برآمد ہوا ہے جسے پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔
ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ محمد صادق اٹک پولیس میں بطور کانسٹیبل تعینات تھا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ بظاہر گھریلو ناچاقی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے، جبکہ دونوں میاں بیوی کے درمیان اکثر جھگڑوں کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق مقتولہ ثناء جاوید کی یہ دوسری شادی تھی۔ اس سے قبل ان کی شادی شفیق احمد سے ہوئی تھی جس سے انہوں نے خلع لے لی تھی۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔