امریکہ، اسرائیل اور ایران کشیدگی، پاکستان کا ثالثی کردار ،آرمی چیف کی ٹرمپ سے گفتگو،برطانوی اخبار کا دعویٰ

سینئر پاکستانی حکام ایرانی عہدے داروں اور وٹکوف اور جیراڈ کشنر کے درمیان بیک چینلز رابطے کروا رہے ہیں۔ فنانشل ٹائمز

               
March 23, 2026 · اہم خبریں
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد : برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز نے دعویٰ کیا ہےکہ فیلڈ مارشل آرمی چیف عاصم منیر نے اتوار کو امریکی صدر ٹرمپ سے بات چیت کی ہے۔برطانوی اخبار نے لکھا ہےکہ پاکستان خود کو ایران کے خلاف جنگ کے خاتمے کے لیے ایک مرکزی ثالث کے طور پر پیش کر رہا ہے اور سینئر پاکستانی حکام ایرانی عہدے داروں اور وٹکوف اور جیراڈ کشنر کے درمیان بیک چینلز رابطے کروا رہے ہیں۔

برطانوی اخبار کے مطابق جنگ کے خاتمے کے لیے پاکستان اپنی عسکری قیادت کے ایران کے ساتھ تعلقات اور ٹرمپ کے ساتھ خوشگوار روابط کو استعمال کر رہا ہے۔رپورٹ کے مطابق پاکستان نے آنے والے دنوں میں اعلیٰ امریکی اور ایرانی حکام کے درمیان ممکنہ مذاکرات اسلام آباد میں کرانے کی پیشکش کی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ اتوار کو فیلڈ مارشل آرمی چیف عاصم منیر نےامریکی صدر ٹرمپ سے بات چیت کی جب کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے آج پیر کے روز ایرانی صدر سے گفتگو کی۔

اخبار کے مطابق شہباز شریف اور ایرانی صدر کے درمیان یہ بات چیت تقریباً اسی وقت ہوئی جب ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر یہ اعلان کیا کہ وہ ایران کے بجلی گھروں کو تباہ کرنے کی دھمکی کو مؤخر کر رہے ہیں کیونکہ تہران کے ساتھ بہت مثبت اور نتیجہ خیز بات چیت ہورہی ہے۔دوسری جانب ایران نے ٹرمپ کی جانب سے مذاکرات کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا مقصد توانائی کی قیمتوں کو کم کرنا اور اپنے فوجی منصوبوں پر عملدرآمد کے لیے وقت حاصل کرنا ہے۔ایرانی میڈیا کے مطابق وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہےکہ تہران اور واشنگٹن کے درمیان کسی قسم کی کوئی بات چیت نہیں ہو رہی۔

ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا ہےکہ امریکی صدر ٹرمپ کے بیانات کا مقصد توانائی کی قیمتوں کو کم کرنا اور اپنے فوجی منصوبوں پر عملدرآمد کے لیے وقت حاصل کرنا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ خطے کے کچھ ممالک کشیدگی کم کرنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، علاقائی ممالک کی جانب سے کچھ تجاویز سامنے آئی ہیں تاہم ان تمام تجاویز اور درخواستوں کا رخ واشنگٹن کی طرف موڑنا چاہیے، ہمارا جواب واضح ہےکہ ہم وہ فریق نہیں جس نے یہ جنگ شروع کی۔