وزیراعظم کی زیر صدارت اہم اجلاس،ایران۔امریکا کشیدگی اور خطے کی صورتحال پر غور

اجلاس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت اعلیٰ عسکری و سیاسی حکام شریک ہیں

               
March 24, 2026 · اہم خبریں

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت سیاسی و عسکری قیادت کا اہم اجلاس جاری ہے، جس میں مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال اور دیگر اہم امور پر تفصیلی غور کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت اعلیٰ عسکری و سیاسی حکام شریک ہیں۔ اجلاس میں ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی، توانائی بحران اور خطے کی مجموعی صورتحال زیرِ بحث ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جاری کشیدگی کے ممکنہ حل کے لیے پاکستان کی میزبانی میں متوقع سفارتی کوششوں پر بھی بات چیت کی جا رہی ہے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم آج شام آصف علی زرداری سے بھی ملاقات کریں گے، جس میں خطے کی موجودہ صورتحال، ایران۔امریکا تنازع اور توانائی بحران پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں حکومتی اور اتحادی جماعتوں کو اعتماد میں لینے، سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی غور کیا جائے گا۔