عید کے تین دنوں میں پاکستان ریلویز کی ریکارڈ آمدن، کروڑوں روپے حاصل

عید کے پہلے دن 11 کروڑ روپے، دوسرے دن 17 کروڑ روپے جبکہ تیسرے دن 20 کروڑ روپے سے زائد آمدن حاصل ہوئی

               
March 24, 2026 · قومی

لاہور: پاکستان ریلویز نے عید کے تین دنوں کے دوران مسافر ٹرینوں سے ریکارڈ آمدن حاصل کی، جسے حکام نے ادارے کی بہتر حکمت عملی اور مثبت پالیسیوں کا نتیجہ قرار دیا ہے۔

ترجمان ریلویز کے مطابق عید کے پہلے دن 11 کروڑ روپے، دوسرے دن 17 کروڑ روپے جبکہ تیسرے دن 20 کروڑ روپے سے زائد آمدن حاصل ہوئی۔ اسی دوران گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مسافر ٹرینوں سے مجموعی آمدن 1 ارب روپے سے تجاوز کر گئی۔

وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کا کہنا ہے کہ یہ ریکارڈ آمدن ریلوے کی بہتر حکمت عملی اور انتظامیہ کی محنت کا نتیجہ ہے، جس پر انتظامیہ مبارکباد کی مستحق ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ مسافروں کو مزید معیاری سہولیات فراہم کی جائیں، جبکہ مضبوط ٹریک اور بہتر خدمات مسافروں کا بنیادی حق ہیں اور ان پر کام جاری ہے۔

وزیر ریلوے نے مزید کہا کہ آئندہ تین سال کے دوران کراچی سے روہڑی ریلوے ٹریک کو مکمل طور پر اپ گریڈ کر دیا جائے گا تاکہ ملک بھر میں مسافروں کو جدید اور محفوظ سفر فراہم کیا جا سکے۔