پٹرول55،ہائی سپیڈ ڈیزل 75 روپے فی لیٹر مزید بڑھنے کا امکان
ایران اور مشرق وسطیٰ میں کشیدہ صورتحال نے عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں کو بڑھا دیا ہے، جس کا اثر آنے والے دنوں میں ملکی سطح پر محسوس ہوگا۔
اسلام آباد: عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث پاکستان میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں تاریخی اضافہ متوقع ہے۔ ایران اور مشرق وسطیٰ میں کشیدہ صورتحال نے عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں کو بڑھا دیا ہے، جس کا اثر آنے والے دنوں میں ملکی سطح پر محسوس ہوگا۔
ذرائع کے مطابق پٹرول کی قیمت 55 روپے اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 75 روپے فی لیٹر تک بڑھنے کا امکان ہے۔ اس حوالے سے اوگرا دو روز بعد اپنی ورکنگ پٹرولیم ڈویژن کو بھجوائے گا، جس کے بعد قیمتوں میں اضافے کی حتمی منظوری وزیراعظم شہباز شریف دیں گے۔
حکومت قیمتوں میں ایک بار نہ کر کے دو ہفتوں میں مرحلہ وار اضافہ کرنے یا سبسڈی دے کر موجودہ سطح برقرار رکھنے کے متبادل پر غور کر رہی ہے۔ یاد رہے کہ ایران جنگ کے بعد 7 مارچ کو حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا، جس کے بعد پٹرول کی فی لیٹر قیمت 321.17 روپے اور ڈیزل کی 335.86 روپے ہو گئی تھی۔
اوگرا نے گزشتہ ہفتے بھی پٹرول اور ڈیزل مہنگا کرنے کی سمری حکومت کو بھجوائی تھی، تاہم حکومت نے قیمتیں برقرار رکھیں، جب کہ مٹی کا تیل 70.73 روپے فی لیٹر اور ہائی اوکٹین پر 200 روپے فی لیٹر لیوی میں اضافہ کر دیا گیا تھا۔