26 سے 29 مارچ تک بارش کی پیش گوئی ، الرٹ جاری کر دیا گیا

26 مارچ کو کراچی کے چند علاقوں خاص طور پر شمال مغربی حصوں میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان

               
March 25, 2026 · قومی

کراچی : محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں 26 سے 29 مارچ تک بارش اور تیز ہواؤں کا الرٹ جاری کیا ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ موسمیات انجم نذیر ضیغم کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ 25 مارچ سے پاکستان میں داخل ہو چکا ہے، جس کے اثرات سب سے پہلے بلوچستان میں دیکھے گئے، جہاں مختلف علاقوں میں بارش اور تیز ہوائیں ریکارڈ کی گئیں۔

یہ سلسلہ بتدریج ملک کے شمالی، مغربی اور مشرقی حصوں کی جانب بڑھ رہا ہے۔

انجم کے مطابق 26 مارچ کو کراچی کے چند علاقوں خاص طور پر شمال مغربی حصوں میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے، تاہم اس کی شدت کم رہے گی۔سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی ہلکی سے معتدل بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انجم نذیر کے مطابق بعض شہروں میں کمزور تعمیرات، دیواروں، سولر پینلز اور دیگر کمزور ڈھانچوں کے پیش نظر شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔