لودھراں کے قریب تیز گام ایکسپریس کے حادثے کے بعد ٹریک بحال نہ ہوسکا
حادثے میں 8 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے
لودھراں کے قریب تیز گام ایکسپریس کے حادثے کے بعد ٹریک بحال نہ ہوسکا۔ ریلوے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ٹریک کی بحالی میں مزید چار سے پانچ گھنٹے لگ سکتے ہیں۔
گزشتہ روز لودھراں میں آدم واہن کے قریب تیزگام ٹرین کو حادثہ، 4 بوگیاں پٹری سے اتر گئی تھیں۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق حادثے میں 25 مسافر زخمی ہوئے ہیں، 17 مسافروں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈسچارج کردیا گیا۔
حادثے میں 8 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے اور انہیں ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ ریلیف آپریشن جاری ہے۔
اسٹیشن ماسٹر کا کہنا ہے کہ تیزگام کو 5 بوگیوں کے ساتھ کراچی روانہ کردیا گیا ہے جبکہ ڈاؤن ٹریک پر کراچی جانے والی ٹرینوں کو لودھراں اسٹیشن پر ہی روک لیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ملتان اور سمہ سٹہ اسٹیشن سے ریلیف ٹرین طلب کی گئیں ہیں۔