بہتر نیند کے لیے 4 مؤثر طریقے
اچھی اور پرسکون نیند کے لیے روزمرہ عادات میں چند سادہ تبدیلیاں انتہائی مؤثر ثابت ہو سکتی ہیں۔
دنیا بھر میں لوگوں کی بڑی تعداد نیند کی کمی، تھکن اور چڑچڑاپن جیسے مسائل کا شکار ہو رہی ہے۔ ماہرین صحت کے مطابق بےقاعدہ طرزِ زندگی اور جدید ٹیکنالوجی کا زیادہ استعمال نیند کے نظام کو بری طرح متاثر کر رہا ہے، جس کے نتیجے میں مختلف جسمانی اور ذہنی مسائل جنم لے رہے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اچھی اور پرسکون نیند کے لیے روزمرہ عادات میں چند سادہ تبدیلیاں انتہائی مؤثر ثابت ہو سکتی ہیں۔
ماہرین کے مطابق ہر روز ایک ہی وقت پر سونا اور جاگنا جسم کی اندرونی گھڑی کو متوازن رکھتا ہے۔ بےقاعدہ نیند ہارمونز کے نظام کو متاثر کرتی ہے، جس سے نیند لینے میں دشواری پیدا ہوتی ہے۔ تحقیق سے یہ بھی سامنے آیا ہے کہ دیر رات تک جاگنے والوں میں دل کے امراض کا خطرہ زیادہ ہو سکتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ سونے سے قبل نیم گرم پانی سے غسل جسم کو سکون کا پیغام دیتا ہے۔ اس سے جسم کا درجہ حرارت متوازن ہوتا ہے جو نیند کے عمل کو بہتر بنانے میں مدد دیتا ہے۔
ماہرین کے مطابق موبائل فون اور سوشل میڈیا کا زیادہ استعمال دماغ کو متحرک رکھتا ہے، جس سے نیند متاثر ہوتی ہے۔ سونے سے کم از کم ایک گھنٹہ پہلے اسکرین سے دور رہنے کی عادت اپنانا بہتر نیند کے لیے مفید ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ صبح کے وقت قدرتی دھوپ میں وقت گزارنا جسم کو دن کے آغاز کا اشارہ دیتا ہے اور نیند کے ہارمون کو متوازن کرتا ہے۔ اس کے ساتھ ناشتہ کرنا جسمانی توانائی کو بحال رکھنے میں مدد دیتا ہے۔
ماہرین صحت نے زور دیا ہے کہ اچھی نیند نہ صرف جسمانی بلکہ ذہنی صحت کے لیے بھی نہایت ضروری ہے، اور اس کے لیے سادہ مگر مستقل عادات اپنانا انتہائی اہم ہے۔