وزیراعظم اور بلاول بھٹو کی ملاقات، ایران جنگ میں پاکستان کے کردار پر اعتماد میں لیا

اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی بھی شریک ہوئے، جبکہ حکومتی وزراء بھی موجود تھے۔

               
March 25, 2026 · اہم خبریں

خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدہ صورتحال اور قومی سلامتی کے پیش نظر وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف سے بلاول بھٹو زرداری نے ملاقات کی، جس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی بھی شریک ہوئے، جبکہ حکومتی وزراء بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے تناظر میں پاکستان کی حکمت عملی اور حالیہ اقدامات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اس کے علاوہ ملک کی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ایران سے متعلق صورتحال اور اس میں پاکستان کے کردار پر بلاول بھٹو زرداری کو اعتماد میں لیا۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم نے وزرائے اعلیٰ کو صوبوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن سے متعلق حکمت عملی پر بھی بریفنگ دی، تاکہ کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کیے جا سکیں۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف کی آج شام صدر مملکت آصف علی زرداری سے ایوان صدر میں ملاقات متوقع ہے، جس میں خطے کی صورتحال اور سمارٹ لاک ڈاؤن کے امور زیر غور آئیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ملاقات میں وزیراعظم امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ ثالثی سے متعلق فیصلوں پر صدر مملکت کو بھی آگاہ کریں گے۔