سونے کی فی تولہ قیمت میں 15 ہزار 200 روپے کا اضافہ

عالمی سطح پر معاشی غیر یقینی صورتحال کے باعث قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ جاری رہنے کا امکان ہے۔

               
March 25, 2026 · کامرس

سونے کی عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں آج ایک بار پھر نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا، جس کے ساتھ چاندی کی قیمت بھی بڑھ گئی۔

بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں بدھ کے روز فی اونس سونے کی قیمت میں 152 ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد سونے کی نئی عالمی قیمت 4 ہزار 565 ڈالر فی اونس کی سطح پر پہنچ گئی۔

عالمی مارکیٹ میں اضافے کے اثرات مقامی صرافہ بازاروں پر بھی واضح نظر آئے، جہاں مسلسل دوسرے روز 24 قیراط سونے کی فی تولہ قیمت میں 15 ہزار 200 روپے کا اضافہ ہوا۔ اس اضافے کے بعد فی تولہ سونے کی نئی قیمت 4 لاکھ 79 ہزار 262 روپے ہو گئی۔

اسی طرح ملک میں 10 گرام سونے کی قیمت بھی 13 ہزار 31 روپے بڑھ کر 4 لاکھ 10 ہزار 889 روپے کی سطح پر پہنچ گئی۔

دوسری جانب چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جہاں فی تولہ چاندی 370 روپے مہنگی ہو کر 7 ہزار 824 روپے تک جا پہنچی، جبکہ 10 گرام چاندی کی قیمت 317 روپے اضافے کے بعد 6 ہزار 707 روپے ہو گئی۔

ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر معاشی غیر یقینی صورتحال کے باعث قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ جاری رہنے کا امکان ہے۔