شہباز شریف سے بلاول بھٹو زرداری کی وفد کے ہمراہ اہم ملاقات ، سیاسی امور پر تبادلہ خیال
ملاقات کے دوران وفاقی حکومت کے تعاون سے صوبہ سندھ میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف بلاول بھٹو کا استقبال کر رہے ہیں، فوٹو ریلیز
اسلام آباد : وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وفد کے ہمراہ اہم ملاقات کی، جس میں علاقائی سیکیورٹی، خلیج کی کشیدہ صورتحال اور ملک کے داخلی و سیاسی امور پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
اعلیٰ سطح کی ملاقات میں وفاقی وزرا اور اہم سیاسی شخصیات نے شرکت کی جن میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ،وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ ، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ ، مشیر وزیراعظم رانا ثناء اللہ بھی شامل تھے۔
وزیراعظم نے بلاول بھٹو زرداری کو خلیج کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں پاکستان کی جانب سے عالمی امن کے لیے کی جانے والی سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے جنگ کے خدشات اور اس سے پیدا ہونے والے ممکنہ مسائل سے نمٹنے کے لیے وفاقی حکومت کی حکمت عملی کو سراہا۔ انہوں نے مشکل حالات میں وزیراعظم کی جانب سے درست سمت کے تعین اور بہتر حکمت عملی کی تعریف کی۔
ملاقات کے دوران وفاقی حکومت کے تعاون سے صوبہ سندھ میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا اور ان کی بروقت تکمیل پر اتفاق کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے ملک کی خارجی و داخلی سیکیورٹی اور معاشی چیلنجز پر بھی تبادلہ خیال کیا۔