پی ٹی آئی رہنماؤں کو 21 مئی تک گرفتار نہ کرنے کا حکم
مذکورہ رہنماؤں کے خلاف تھانہ ترنول، رمنا، آبپارہ، سیکرٹریٹ اور دیگر تھانوں میں متعدد مقدمات درج ہیں۔
اسلام آباد: انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پی ٹی آئی رہنماؤں کو 21 مئی تک گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
اے ٹی سی کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف 26 نومبر کے سنگجانی جلسے اور سپریم کورٹ کے باہر احتجاج سمیت دیگر مقدمات کی سماعت کی۔
سماعت کے دوران پی ٹی آئی رہنما عمیر نیازی، روف حسن، اعظم سواتی اور دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی 230 سے زائد ضمانت کی درخواستوں میں توسیع کرتے ہوئے انہیں 21 مئی تک گرفتار نہ کرنے کی ہدایت جاری کی۔
عدالت نے فریقین کو اگلی سماعت پر حتمی دلائل دینے کی بھی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ مذکورہ رہنماؤں کے خلاف تھانہ ترنول، رمنا، آبپارہ، سیکرٹریٹ اور دیگر تھانوں میں متعدد مقدمات درج ہیں۔