وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سفارتی محاذ پر پاکستان کا لوہا منوایا ہے،عطاء اللہ تارڑ

کوئی سیاسی لیڈر پاکستان سے بڑا نہیں ہے، اور تنقید سب کا حق ہے لیکن ملک کا وقار داؤ پر نہیں لگایا جا سکتا۔

               
March 26, 2026 · اہم خبریں, قومی

 اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے پریس کانفرنس کے دوران کہا ہے کہ موجودہ عالمی صورتحال میں پاکستان کا کلیدی کردار واضح ہو رہا ہے اور پاکستان کی سفارتی کوششوں کو دنیا بھر میں تسلیم کیا جا رہا ہے۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سفارتی محاذ پر پاکستان کا لوہا منوایا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہمسایہ ملک بھارت ہماری سفارتی کامیابیوں پر شدید پریشان ہے۔

وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ پاکستان دنیا میں موثر اور بھرپور آواز کے طور پر سامنے آیا ہے، جنیوا اجلاس میں غیر معمولی صورتحال دیکھی گئی۔ انہوں نے کہا کہ کوئی سیاسی لیڈر پاکستان سے بڑا نہیں ہے، اور تنقید سب کا حق ہے لیکن ملک کا وقار داؤ پر نہیں لگایا جا سکتا۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ قومی مفاد سب سے مقدم ہے اور سیاسی مخالفت میں ملک کی تضحیک ناقابل برداشت ہے۔ موجودہ صورت حال میں ملک کے خلاف پروپیگنڈا ناقابل قبول ہے اور ملک کو بچانے کے لیے عوام نے “پاکستان کھپے” کے نعرے بھی لگائے۔

وزیر اطلاعات نے زور دیا کہ شخصیت اور انا پرستی ملک کے لیے نقصان دہ ہیں اور ملک کے خلاف باتیں کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کی فتح نے پاکستان کا عالمی مقام بڑھا دیا ہے اور ہم سب مملکت پاکستان کے مرہون منت ہیں۔