بلوچستان میں موسلادھار بارش، 2 افراد جاں بحق، فصلیں تباہ
خاران، تربت، کیچ، نوشکی اور پنجگور سمیت دیگر علاقوں میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کے باعث مقامی ندی نالوں میں طغیانی آئی
کوئٹہ: بلوچستان میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں صوبے کے مختلف علاقوں میں جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ضلع کیچ میں بارش کے باعث دو افراد جاں بحق ہوئے جبکہ کوہلو اور ہرنائی میں چھتیں گرنے کے واقعات میں ایک بچی سمیت دو افراد زخمی ہوئے۔ خاران، تربت، کیچ، نوشکی اور پنجگور سمیت دیگر علاقوں میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کے باعث مقامی ندی نالوں میں طغیانی آئی، جس سے کچے مکانات اور شاہراہوں کو نقصان پہنچا۔
کوئٹہ شہر میں گزشتہ شب سے جاری بارش کے باعث نکاسی آب کا نظام متاثر ہوا اور متعدد نالے و نالیاں بند ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ پی ڈی ایم اے نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ادارہ الرٹ ہے۔
مستونگ کے مختلف علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے بارش جاری ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے آب گل، غلام پڑینز، آماچ اور دیگر پہاڑی و تفریحی مقامات پر پکنک منانے پر پابندی عائد کر دی ہے اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ صوبے کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا اور بعض علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ نوشکی، مستونگ، قلات، سوراب، کوئٹہ، چمن، ژوب، شیرانی اور بولان سمیت دیگر علاقوں میں بارش متوقع ہے جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پسنی میں 36 ملی میٹر، اورماڑہ میں 19 ملی میٹر اور پشین میں 11 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ ژوب اور کوئٹہ میں ہلکی بارش ہوئی۔ بارشوں کا سلسلہ 29 مارچ تک جاری رہنے کا امکان ہے اور شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
بلوچستان کے مختلف شہروں میں کم سے کم درجہ حرارت بھی ریکارڈ کیا گیا ہے، جس میں کوئٹہ اور قلات میں 9، زیارت میں 6، ژوب میں 10، سبی میں 17، تربت اور نوکنڈی میں 20 جبکہ گوادر اور جیوانی میں بالترتیب 22 اور 23 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔