اسلام چھوڑ کر ہندو ہونے والےایم کیو ایم کے سابق ٹائون ناظم عارف اجاکیہ کون ہیں؟

والدین کا تعلق جوناگڑھ سے تھا، عالمی اداروں میں پاکستان کیخلاف بیانات دیئے

               
March 26, 2026 · امت خاص

عارف اجاکیا ایک سابق پاکستانی سیاستدان اور انسانی حقوق کے کارکن ہیں جو اب جلاوطنی میں مقیم ہیں اور اپنے سخت پاکستان مخالف بیانات اور سرگرمیوں کی وجہ سے جانے جاتے ہیں۔ اجاکیہ 1964 میں کراچی میں پیدا ہوئے۔ ان کے والدین کا تعلق بھارت کی ریاست گجرات کے علاقے جوناگڑھ سے تھا، جو 1947 میں ہجرت کر کے پاکستان آئے تھے۔انہوں نے کراچی یونیورسٹی سے بی کام کیا اور بینکاری کے شعبے میں کام کیا۔ وہ کچھ عرصہ سعودی عرب میں بھی مقیم رہے۔پاکستان میں وہ متحدہ قومی موومنٹ کے فعال رکن رہے۔ وہ کراچی کے جمشید ٹاؤن کے ناظم (میئر) بھی رہ چکے ہیں۔

فروری 2022 میں اجاکیہ نے اسلام چھوڑ کر ہندو مذہب اختیار کرنے کا اعلان کیا۔ وہ اب فرانسیسی شہریت رکھتے ہیں اور برطانیہ میں مقیم ہیں۔ لیکن ہندو مذہبی مقامات پر حاضری دینے کے نام پر ان کی بھارت آمدورفت رہتی ہے۔ عارف اجاکیا پر پاکستان میں مختلف حوالوں سے تنقید کی جاتی ہے اور انہیں ریاست کا مخالف سمجھا جاتا ہے۔

وہ ایک مشہور یوٹیوبر ہیں جہاں وہ مسلسل پاکستان کے خلاف اور بھارت کے حق میں بیانات دیتے ہیں۔ ان پر الزام ہے کہ وہ غیر ملکی ایجنڈے پر پاکستان کو بدنام کرنے کی مہم چلاتے ہیں۔ وہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل (UNHRC) اور دیگر بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر پاکستان کے خلاف بیانات دیتے رہے ہیں، خاص طور پر بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کے حوالے سے۔وہ پاکستانی فوج اور عدالتی نظام کے سخت ناقد ہیں اور پاکستان کو ایک “اسٹریٹوکریسی” (فوجی ریاست) قرار دیتے ہیں۔ حالیہ رپورٹس کے مطابق عارف اجاکیہ پاکستان میں سیاسی عدم استحکام اور انتشار پیدا کرنے والی قوتوں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں تاکہ ملک میں بدامنی پھیلے۔

ان کی سرگرمیوں کو پاکستان کے بین الاقوامی امیج کو نقصان پہنچانے، جی ایس پی پلس (GSP+) اسٹیٹس ختم کرانے کی کوششوں اور عالمی سطح پر پاکستان کو تنہا کرنے کی سازشوں سے جوڑا جاتا۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے جمعرات کے روز پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ وہ لوگ ہیں جو عارف اجاکیہ جیسے لوگوں سے مل کر سازش کرتے ہیں، عارف اجاکیہ برطانیہ میں بھارت کے لئے کمپین چلاتا ہے، اسے ہمیشہ پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کرتا دیکھا گیا ہے۔