پاکستان نے امریکا اور ایران مذاکرات میں ثالثی کا کردار ادا کرنے کی تصدیق کر دی

موجودہ پیچیدہ حالات میں مذاکرات اور سفارت کاری ہی واحد راستہ ہیں جس کے ذریعے پائیدار امن اور تنازعات کے حل کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔

               
March 26, 2026 · اہم خبریں

اسلام آباد: پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان جاری بالواسطہ مذاکرات میں ثالثی کے عمل کی تصدیق کر دی ہے۔

نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ مشرق وسطیٰ میں تنازع کے خاتمے کے لیے پاکستان فریقین کے درمیان پیغامات پہنچانے اور ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے تصدیق کی کہ امریکا نے 15 نکات پیش کیے ہیں جن پر ایران غور کر رہا ہے۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ اس امن اقدام کو عملی شکل دینے میں برادر اسلامی ممالک ترکیہ اور مصر سمیت دیگر ریاستیں بھی بھرپور تعاون فراہم کر رہی ہیں تاکہ خطے میں کشیدگی کو جلد ختم کیا جا سکے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان خطے اور بین الاقوامی سطح پر امن و استحکام کے فروغ کے لیے ہر ممکن سفارتی کوششیں جاری رکھنے کا عزم رکھتا ہے اور موجودہ پیچیدہ حالات میں مذاکرات اور سفارت کاری ہی واحد راستہ ہیں جس کے ذریعے پائیدار امن اور تنازعات کے حل کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔