طور خم بارڈر باقاعدہ طور پر کھولنے کا فیصلہ نہیں ہوا،گورنر خیبر پختونخوا
پی ٹی آئی والے کہتے ہیں جتنی دیر بانی جیل میں رہیں گے اتنا ان کے مزے ہیں ، میڈیا سے گفتگو
فائل فوٹو
پشاور : گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ لگتا ہے پی ٹی آئی خود چاہتی ہے کہ بانی جیل میں رہیں، پی ٹی آئی والے کہتے ہیں جتنی دیر بانی جیل میں رہیں گے اتنا ان کے مزے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو میں گورنر کے پی نے کہا کہ بانی کو ان پر اتنا یقین نہیں کہ وہ پارلیمنٹ میں اپوزیشن لیڈر کا انتخاب کر سکیں، کفن باندھنے والی فورس لگتا ہے غائب ہوگئی۔ایپکس کمیٹی کے اجلاس کے بعد سہیل آفریدی غائب ہوگئے، چیف منسٹر اور وزیر اعظم کی امن و امان کے لیے کوارڈینیشن ہونی چاہیئے، ہم امن کے معاملے پر سہیل آفریدی کے ساتھ ہیں۔13 سالوں میں خیبر پختونخوا میں ایک اسپتال نہیں جہاں بانی کا علاج ہو سکے؟ بانی کا علاج آج بھی اسلام آباد کے اسپتال میں ہو رہا ہے۔
گورنر کے پی نے کہا کہ آج سپر پاورز بھی پاکستان پر ٹرسٹ کر رہی ہیں، فیلڈ مارشل کا کردار دنیا بھر میں مانا جا رہا ہے اور بہترین سفارتکاری سے پورے خطے میں پاکستان کا تاثر بہتر ہوا ہے، امن کے لیے کوششیں رنگ لائیں گی۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ افغانستان میں طالبان حکومت نے جو وعدے کیے پورے نہیں کیے، پاکستان کو افغانستان میں جہاں دہشت گردوں کے ٹھکانے ملیں گیں وہاں اسٹرائیک ہوں گی۔ خیبر پختونخوا میں دہشتگردی میں افغان دہشت گردوں کے ملوث ہونے کے ثبوت ملے۔
انھوں نے کہاکہ افغانستان کی دہشت گردی کے شواہد قطر، ترکیہ اور دیگر ہمسایہ ممالک کو دیے۔ دوحہ طالبان مذاکرات سے بھی افغان حکومت پیچھے ہٹ گئی۔طورخم بارڈر صرف افغان مہاجرین کی واپسی کے لیے کھول رہے ہیں، باقاعدہ طور پر طورخم بارڈر کھولنے کا فیصلہ نہیں ہوا۔