پنجاب میں ان ڈور سرگرمیوں کے لیے چھوٹے ڈرون استعمال کرنے کی اجازت دے دی گئی
محفوظ اور محدود احاطے کی شرط ۔کھلی فضامیں پروازپر پابندی میں 30 دن تک توسیع۔
حکومت پنجاب نے صوبے بھرمیں ڈرون اڑانے پر پابندی کو 30دن تک بڑھادیاہے۔
صوبائی محکمہ داخلہ کے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ 25 فروری 2026 کو جاری آرڈر کے تحت صوبہ پنجاب میں آؤٹ ڈور ڈرون اڑانے پر مکمل پابندی عائد کی گئی تھی، جس کی مدت اب مزید 30 دن بڑھا دی گئی ہے۔اب یہ پابندی 26 مارچ سے اگلے 30 دن تک ہوگی۔
جاری اعلامیہ کے مطابق پنجاب کے تمام اضلاع میں آؤٹ ڈور ڈرون فلائنگ پر پابندی ہوگی۔صرف انڈور سرگرمیوں (جیسے گھریلو ہالز یا میرج ہالز میں) کے لیے چھوٹے ڈرونز کا استعمال کیا جا سکتا ہے، بشرطیکہ یہ محفوظ اور محدود علاقے میں ہو۔ اس کی ذمہ داری منتظمین پر ہوگی۔
پابندی عوامی تحفظ، امن و امان، عمارتوں اور تنصیبات کی حفاظت اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ کے لیے عائد کی گئی ہے۔ انٹیلی جنس ایجنسیز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ڈرون استعمال پر پابندی نہیں ہوگی۔
یہ آرڈر کوڈ آف کریمنل پروسیجر 1898 کی دفعہ 144 کے تحت سیکرٹری داخلہ کی منظوری سے جاری کیا گیا ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس ضابطے کی پابندی کریں تاکہ سیکورٹی صورتحال کو بہتر بنایا جا سکے۔