کویتی ولی عہد کا وزیرِ اعظم شہباز شریف سے رابطہ ، ثالثی کوششوں کی حمایت
وزیراعظم شہبازشریف نے کویتی قیادت کو مشرق وسطیٰ میں جنگ کے خاتمے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف اور کویت کے ولی عہد شیخ صباح الخالد الحمد الصباح کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں کویتی ولی عہد نے ایران اور امریکہ کے درمیان ثالثی کے لیے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کی۔
جمعہ کے روز پاکستانی وزیرِ اعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کویت کے ولی عہد نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کو کال کی۔ بیان کے مطابق گفتگو کے دوران وزیراعظم نے کویت پر ہونے والے حملوں کی مذمت کا اعادہ کیا اور ان مشکل حالات میں کویت کے عوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی اور حمایت کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کویتی قیادت کو مشرق وسطیٰ میں جنگ کے خاتمے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔
بیان کے مطابق کویت کے ولی عہد نے پاکستانی وزیراعظم کی قیادت کو سراہتے ہوئے ایران اور امریکہ کے درمیان ثالثی کے لیے پاکستان کی کوششوں کی مکمل حمایت کی۔
انھوں نے موجودہ بحران میں کویت کی حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
کویت کے ولی عہد نے حالات بہتر ہوتے ہی پاکستان کا دورہ کرنے کی خواہش ظاہر کی۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شرید نے کویتی ولی عہد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انھیں یقین دلایا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے اپنا تعمیری کردار جاری رکھے گا۔