بلوچستان میں آپریشن کے دوران 2 دہشت گرد مارے گئے
ہلاک دہشتگردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ ڈی آئی جی
بلوچستان کے ضلع دکی میں پولیس اور اے ٹی ایف کی کارروائی کے دوران دو دہشتگرد مارے گئے۔
لونی کے علاقے کلی بختیار خان میں پولیس اور اے ٹی ایف کے آپریشن کی قیادت ڈی آئی جی پولیس لورالائی رینج جنید احمد شیخ نے کی۔
اِس حوالے سے جنید احمد کا کہنا تھا کہ کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں متعدد وارداتوں میں مطلوب دو دہشتگردثناء اللہ ولد ہیبت مری اور جمالہان ولد دولت عرف دولے مری مارے گئے جب کہ اے ٹی ایف کا ایک جوان زخمی ہوا ہے۔
دوسری جانب ڈی آئی جی کا کہنا تھا کہ ہلاک دہشتگردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے، دونوں دہشتگرد ماہ رمضان میں کلی بختیار خان میں ایف سی پر ہونے والے حملے کے دوران پانچ اہلکاروں کو شہید کرنے سمیت دیگر متعدد وارداتوں میں مطلوب تھے۔