سی سیکشنز کی فوٹیج بنانے کا معاملہ۔ 4 ڈاکٹرز کی پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ معطل

مریض کے وقار کی توہین اور پیشہ وارانہ مہارت کی خلاف ورزی ہیں۔ وزیر صحت پنجاب

               
March 28, 2026 · قومی

لاہور کے لیڈی ولنگڈن اسپتال کے تھیٹر میں ہونے والے دو سی سیکشنز کی فوٹیج بنائی گئی جسے ڈاکٹروں نے مقابلے کا نام دیاگیا۔ ویڈیو بھی منظر عام پر آگئی۔

حکومت پنجاب نے گائنی ڈپارٹمنٹ کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر عظمیٰ حسین سے جواب طلب کرتے ہوئے چار لیڈی ڈاکٹرز کی پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ معطل کر دی۔
لیڈی ولنگڈن ہسپتال لاہور کے آپریشن تھیٹر میں دو سی سیکشنز جاری تھے، مقابلہ اس بات کا تھا کہ پہلے سی سیکشن کون کرتا ہے، ڈاکٹروں کو یہ کہتے سنا بھی جاسکتا ہے۔

آپریشن تھیٹر میں ویڈیو بنانے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نے ایم ایس لیڈی ولنگڈن ہسپتال ڈاکٹر فرح انعام اور ہیڈ آف گائنی ڈیپارٹمنٹ پروفیسر ڈاکٹر عظمیٰ حسین سے جواب طلب کرلیا۔

ویڈیو میں موجود ڈاکٹر طیبہ فاطمہ طور، ڈاکٹر ماہم امین، ڈاکٹر زینب طاہر اور ڈاکٹر عائشہ افضل کی پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ معطل کر دی ہے۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کا کہنا ہے کہ ایسے اقدامات طبی اخلاقیات کی خلاف ورزی، مریض کے وقار کی توہین اور پیشہ وارانہ مہارت کی خلاف ورزی ہیں۔

سیکرٹری صحت عظمت محمود کا کہنا ہے کہ مقررہ وقت پر تسلی بخش جواب نہ دینے پر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی شروع کی جائے گی۔