سعودی عرب،ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ 29 اور 30 مارچ کو پاکستان کا دورہ کریں گے
اجلاس کی صدارت اسحاق ڈار کریں گے ، خطے کی موجودہ صورتحال، خصوصاً ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی اقدامات پر غور کیا جائے گ
اسلام آباد: خطے میں بڑھتی کشیدگی کے تناظر میں اہم سفارتی پیش رفت سامنے آئی ہے، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ 29 اور 30 مارچ کو پاکستان کا دورہ کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کی دعوت پر ہو رہا ہے، جس کے دوران اہم علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی مشاورت کی جائے گی۔ خاص طور پر خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن کے قیام کی کوششیں ایجنڈے میں سرفہرست ہوں گی۔
دورے کے دوران مہمان وزرائے خارجہ وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کریں گے، جہاں دوطرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بات چیت ہوگی۔
ذرائع کے مطابق 30 مارچ کو اسلام آباد میں ایک اہم چار فریقی اجلاس بھی متوقع ہے، جس میں پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ شرکت کریں گے۔ اجلاس کی صدارت اسحاق ڈار کریں گے اور اس میں خطے کی موجودہ صورتحال، خصوصاً ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی اقدامات پر غور کیا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان اس عمل میں ایک مؤثر ثالث اور سہولت کار کا کردار ادا کر رہا ہے، جس کا مقصد خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینا اور ممکنہ تصادم کے خطرات کو کم کرنا ہے۔