برطانیہ:12 سالہ بچی کے اغوا اور ریپ کیس میں افغان پناہ گزین مجرم قرار
مجرم احمد ملاخیل واردات سے محض چار ماہ قبل غیر قانونی طریقے سے چھوٹی کشتی کے ذریعے برطانیہ پہنچا تھا اور وہاں سیاسی پناہ کا طالب تھا۔
لندن ، برطانیہ کی ایک عدالت نے 12 سالہ کمسن بچی کے اغوا اور جنسی زیادتی کے ہولناک واقعے میں ملوث افغان شہری احمد ملاخیل کو مجرم قرار دے دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، احمد ملاخیل نے ایک کمسن لڑکی کو تنہا پا کر اسے اغوا کیا اور زیادتی کا نشانہ بنایا۔ اس لرزہ خیز واقعے کے بعد مقامی کمیونٹی میں شدید غم و غصہ پایا گیا اور علاقے میں بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے بھی کیے گئے تھے۔
عدالتی جیوری نے سماعت کے بعد احمد ملاخیل کو ریپ اور جنسی زیادتی کے دو مختلف الزامات میں مجرم ٹھہرایا ہے۔ تاہم، اس کیس میں گرفتار ایک اور ملزم، کبیر کو بچی کا گلا گھونٹنے اور اغوا کے الزامات سے بری کر دیا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مجرم احمد ملاخیل واردات سے محض چار ماہ قبل غیر قانونی طریقے سے چھوٹی کشتی کے ذریعے برطانیہ پہنچا تھا اور وہاں سیاسی پناہ کا طالب تھا۔
عدالت نے احمد ملاخیل کو مجرم قرار دیتے ہوئے کیس کی سماعت مکمل کر لی ہے، جبکہ اسے ملنے والی باقاعدہ سزا کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔