آئندہ چند گھنٹوں میں تیز ہواؤں،بارش اور ژالہ باری کا امکان
مغربی ہواؤں کا سلسلہ شمالی بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے مغربی علاقوں میں داخل ہو رہا ہے
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ شمالی بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے مغربی علاقوں میں داخل ہو رہا ہے، جس کے زیر اثر آئندہ چند گھنٹوں میں مختلف علاقوں میں موسم کی صورتحال متاثر ہونے کا امکان ہے۔
پیشگوئی کے مطابق شمالی بلوچستان کے علاقوں کوئٹہ، لورالائی، سبی، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، بارکھان، موسیٰ خیل اور ژوب سمیت گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
اسی طرح خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع وزیرستان، ڈیرہ اسماعیل خان، اورکزئی، خیبر، مہمند، باجوڑ، ٹانک، لکی مروت، بنوں، کرک، ہنگو، کوہاٹ، چارسدہ، صوابی، کرم، پشاور، نوشہرہ، مردان، بونیر، ملاکنڈ، کوہستان، شانگلہ، سوات، دیر اور چترال میں بھی بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر اور خطہ پوٹھوہار کے علاقوں میانوالی، تلہ گنگ، اٹک، بھکر، سرگودھا، چکوال اور گردونواح میں بھی آئندہ 3 سے 6 گھنٹوں کے دوران کہیں کہیں تیز ہواؤں، آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے عوام سے اپیل کی ہے کہ موسم کی خراب صورتحال کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔