بنوں میں پولیس موبائل پر حملہ، اے ایس آئی دلنواز شہید
فائرنگ کے بعد پولیس گاڑی نذرِ آتش، سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری روانہ
بنوں( صباح نیوز)تھانہ ہوید کی حدود علاقہ ممہ خیل میں مسلح افراد نے پولیس موبائل وین پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں پولیس کے اے ایس آئی دلنواز شہید جبکہ دو اہلکار زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق حملہ آوروں نے اندھا دھند فائرنگ کی اور بعد ازاں پولیس گاڑی کو آگ لگا دی۔ واقعے کے بعد پولیس اور مسلح افراد کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور پولیس کی بھاری نفری بکتر بند گاڑیوں کے ساتھ موقع پر پہنچ رہی ہے تاکہ علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کو گرفتار کیا جا سکے۔
زخمی اہلکاروں اور شہید اے ایس آئی کی میت کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں اسپتال ذرائع کے مطابق زخمی اہلکاروں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔