ملک بھر میں سرکاری عمارتوں اور شاہراہوں کی لائٹیں 1 گھنٹے کیلیے بند
یہ اقدام توانائی کے تحفظ اور ماحول دوستی کے پیغام کو عام کرنے کے لیے کیا گیا، جسے شہریوں نے بھی سراہا۔
ملک بھر میں عالمی یومِ ارض کے موقع پر سرکاری عمارتوں اور شاہراہوں کی غیر ضروری روشنیاں ایک گھنٹے کے لیے بند کر دی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر رات 8 بج کر 30 منٹ سے 9 بج کر 30 منٹ تک بجلی کے غیر ضروری استعمال میں کمی کے لیے یہ اقدام کیا گیا۔ اس دوران وفاقی دارالحکومت کے ریڈ زون اور شاہراہِ دستور سمیت اہم مقامات پر اندھیرا چھا گیا۔
پارلیمنٹ ہاؤس، ایوانِ صدر، سینیٹ اور سپریم کورٹ سمیت دیگر سرکاری عمارتوں میں بھی غیر ضروری لائٹس بند رکھی گئیں تاکہ توانائی کے تحفظ کا پیغام دیا جا سکے۔
پنجاب میں وزیراعلیٰ کی ہدایت پر راولپنڈی سمیت تمام اضلاع کے سرکاری دفاتر میں بھی یہی اقدامات کیے گئے، جبکہ لاہور کی اہم شاہراہوں اور عمارتوں کی روشنیاں بھی ایک گھنٹے کے لیے بند رہیں۔
صوبائی ترجمان کے مطابق پنجاب بھر میں 500 سے زائد مقامات پر روشنیاں گل کی گئیں، جن میں کمشنر اور ڈپٹی کمشنر دفاتر بھی شامل تھے۔
دیگر صوبوں بلوچستان، خیبرپختونخوا اور سندھ کے چھوٹے بڑے شہروں میں بھی عالمی یومِ ارض کے حوالے سے لائٹس بند کر کے ماحولیاتی شعور اجاگر کیا گیا۔
یہ اقدام توانائی کے تحفظ اور ماحول دوستی کے پیغام کو عام کرنے کے لیے کیا گیا، جسے شہریوں نے بھی سراہا۔