لاہور:زچگی آپریشن کی ویڈیو پر بڑا ایکشن،15 ڈاکٹرز و عملہ معطل

معطل کیے جانے والوں میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ، ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ، وویمن میڈیکل آفیسرز اور پی جی آرز شامل ہیں، جنہیں ہیڈکوارٹر رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

               
March 28, 2026 · قومی

لاہور کے لیڈی ولنگٹن اسپتال میں زچگی کے آپریشن کے دوران نامناسب ویڈیو سامنے آنے پر انتظامیہ نے سخت کارروائی کرتے ہوئے ایم ایس اور متعدد ڈاکٹرز سمیت 15 ملازمین کو معطل کر دیا۔

محکمہ صحت کے مطابق آپریشن تھیٹر میں غیر پیشہ ورانہ رویے اور ویڈیو بنانے کے واقعے پر فوری ایکشن لیا گیا۔ معطل کیے جانے والوں میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ، ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ، وویمن میڈیکل آفیسرز اور پی جی آرز شامل ہیں، جنہیں ہیڈکوارٹر رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ دو نرسز اور دیگر عملے کے ارکان کو بھی غفلت برتنے پر معطل کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کے واقعات پہلے بھی رپورٹ ہو چکے ہیں، جس پر مزید سخت نگرانی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے واضح کیا کہ اسپتالوں میں قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ سیکرٹری صحت عظمت محمود کے مطابق ایسے اقدامات طبی اخلاقیات اور مریض کے وقار کے منافی ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور ذمہ داران کے خلاف مزید کارروائی بھی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔