پی آئی اے نے قبل از حج آپریشن کی تیاریاں مکمل کرلیں
49 ہزار عازمین سرکاری حج اسکیم کے تحت سفر کریں گے جبکہ 11 ہزار عازمین پرائیوٹ حج اسکیم کے تحت جائیں گے۔
اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) نے قبل از حج آپریشن کی تیاریاں مکمل کر لیں ہیں۔ ذرائع کے مطابق یہ آپریشن 18 اپریل سے شروع ہوگا اور 21 مئی تک جاری رہے گا۔ پہلے مرحلے میں پی آئی اے مدینہ اور جدہ کے لیے پروازیں آپریٹ کرے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ پی آئی اے اس سال مجموعی طور پر 60 ہزار سے زائد عازمین حج کو 202 پروازوں کے ذریعے حجاز مقدس پہنچائے گی۔ ان میں سے 49 ہزار عازمین سرکاری حج اسکیم کے تحت سفر کریں گے جبکہ 11 ہزار عازمین پرائیوٹ حج اسکیم کے تحت جائیں گے۔
پی آئی اے اسلام آباد، کراچی، لاہور، سیالکوٹ، کوئٹہ، فیصل آباد اور ملتان سے براہ راست پروازیں آپریٹ کرے گا۔ اس کے علاوہ، 30 مئی سے بعد از حج آپریشن شروع ہوگا جو 30 جون تک جاری رہے گا۔ بعد از حج آپریشن میں پی آئی اے حج کے لیے بوئنگ 777 اور ائیر بس 320 طیارے استعمال کرے گی۔