حکومت نے لاک ڈاؤن سے متعلق نوٹیفیکیشن جعلی قرار دے دیا

لاک ڈاؤن کے دوران پبلک ٹرانسپورٹ کھلی رہے گی جبکہ اسپتال، فارمیسیز اور دیگر ضروری عوامی خدمات بھی دستیاب ہوں گی

               
March 29, 2026 · اہم خبریں, قومی

اسلام آباد: وفاقی وزیرِ اطلاعات عطااللہ تارڑ نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے اسمارٹ لاک ڈاؤن سے متعلق نوٹیفکیشن کو جعلی قرار دے دیا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ سوشل میڈیا پر پھیلایا جانے والا نوٹیفکیشن حکومتی سطح پر جاری نہیں کیا گیا اور اس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔

مذکورہ جعلی نوٹیفکیشن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ توانائی اور ایندھن کی بچت کے پیش نظر ملک بھر میں ہفتے میں دو روزہ اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کی تجاویز تیار کر لی گئی ہیں، اور یہ تجاویز آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی حکومتوں کو بھی ارسال کی گئی ہیں۔

اس جعلی دستاویز میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ لاک ڈاؤن ہر ہفتے ہفتہ دوپہر 12 بجے سے اتوار رات 12 بجے تک نافذ ہوگا، جبکہ شادی بیاہ، کمرشل سرگرمیوں اور کاروباری مراکز کو بند رکھنے کی ہدایات شامل تھیں۔

مزید برآں، نوٹیفکیشن میں 4 اپریل سے اسمارٹ لاک ڈاؤن کے نفاذ کی تجویز بھی دی گئی تھی، تاہم وزیر اطلاعات نے ان تمام دعوؤں کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔

حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر مصدقہ معلومات پر یقین نہ کریں اور صرف مستند ذرائع سے جاری کردہ خبروں پر اعتماد کریں۔