پیٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود،عوام کو ریلیف اولین ترجیح ہے: شہباز شریف
توانائی بچت مہم میں حکومت کا ساتھ دیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دفاتر میں ٹیلی کانفرنسنگ کو ترجیح دی جائے۔
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی ضروریات پوری کرنے کے لیے مناسب مقدار میں ذخیرہ موجود ہے۔
ان کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں خطے کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں ایندھن کی بچت اور کفایت شعاری کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومتی فیصلوں کی بدولت عوام کو ریلیف فراہم کیا گیا اور گزشتہ تین ہفتوں کے دوران ممکنہ حد تک قیمتوں کو مستحکم رکھنے کی کوشش کی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ عالمی سطح پر بڑھتی کشیدگی کے اثرات سے عوام کو بچانے کے لیے وفاقی حکومت نے 125 ارب روپے کی خطیر رقم مختلف بچتوں اور ترقیاتی بجٹ میں کمی کے ذریعے فراہم کی۔
وزیراعظم نے عوام سے اپیل کی کہ وہ توانائی بچت مہم میں حکومت کا ساتھ دیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دفاتر میں ٹیلی کانفرنسنگ کو ترجیح دی جائے۔
اجلاس میں صوبائی حکومتوں کو ہدایت دی گئی کہ موٹر سائیکل اور رکشہ مالکان کو اپنی گاڑیوں کی رجسٹریشن اپنے نام پر منتقل کرنے میں سہولت فراہم کی جائے تاکہ ڈیٹا کو ڈیجیٹائز کیا جا سکے اور مستقبل میں انہیں حکومتی ریلیف پروگرامز سے فائدہ پہنچایا جا سکے۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے چیف سیکرٹریز کے ساتھ رابطے مزید تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔
hash tags: #شہباز_شریف #پیٹرولیم_مصنوعات #توانائی_بحران #حکومتی_اجلاس #عوامی_ریلیف #ایندھن_بچت #پاکستان #کفایت_شعاری #ٹیلی_کانفرنسنگ #حکومتی_اقدامات