سجاول کشتی حادثہ ،لاپتہ 4 افراد میں سے 3 لاشیں مل گئیں

سجاول کے قریب دریائے سندھ میں کشتی الٹنے سے 16 افراد ڈوب گئے،12 کو بچا لیا گیا

               
March 30, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

سجاول: سجاول کے قریب دریائے سندھ میں کشتی الٹنے سے 16 افراد ڈوب گئے،12 کو بچا لیا گیا جبکہ 2خواتین سمیت 4 افراد لاپتہ ہوگئے جن میں سے 3 کی لاشیں کئی گھنٹے کے بعد نکال لی گئیں۔

اطلاعات کے مطابق گاوں یعقوب منارو کے قریب دریائے سندھ میں تیز ہواوں کے باعث کشتی بے قابو ہوکر الٹ گئی۔ جس کے نتیجے میں کشتی میں سوار 16 افراد ڈوب گئے جن میں سے 12 افراد کو بچا لیا گیا جبکہ 2خواتین سمیت 4 افراد حبیب اﷲ، عیسن، شان اور حبی ڈوب کر لاپتہ ہوگئے۔ حادثے کے بعد مقامی افراد اور مقامی غوطہ خوروں نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔

مقامی افراد کے مطابق کشتی میں سوار افراد گندم کی کٹائی کے بعد واپس اپنے گائوں جا رہے تھے کہ یہ حادثہ پیش آگیا۔ کئی گھنٹوں کی محنت کے بعد دو خواتین 50 سالہ حبی، 26 سالہ اشان اور 22 سالہ عیسن کی لاشیں پانی سے نکال لی گئیں جبکہ ڈوبنے والے حبیب اﷲ کی تلاش تاحال جاری ہے جس میں مقامی افراد کے ساتھ پاک نیوی کے جوان بھی حصہ لے رہے ہیں۔۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی جائے حادثہ پر سابق ضلع ناظم شفقت شاہ شیرازی، ایم این اے ایاز شاہ شیرازی، ایم پی اے شاہ حسین شاہ شیرازی، سید نصیر شاہ شیرازی، ڈی سی سجاول زاہد حسین رند، ایس ایس پی سجاول علینہ راجپر بھی پہنچ گیے۔