صدر نے آج اہم طلب کرلیا۔ اسمارٹ لاک ڈاؤن پر بریفنگ ہوگی

وزیراعظم ،وفاقی وزرا اور چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ بھی اس اجلاس میں شریک ہوں گے۔

               
March 30, 2026 · قومی

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے مشرق وسطیٰ کشیدگی کے پیش نظر آج اجلاس طلب کرلیا ہے جس میں کفایت شعاری اقدامات اور اسمارٹ لاک ڈاؤن سمیت اہم امور پر بریفنگ دی جائے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزرا اور چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ بھی اس اجلاس میں شریک ہوں گے۔

ملک کی اعلیٰ عسکری قیادت بھی صدر مملکت کی زیر صدارت اجلاس میں شرکت کرے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے دوران ایران جنگ اور اب تک کی معاشی و سیاسی صورتحال کاجائزہ لیا جائے گا۔ خلیجی ممالک پر حملوں سے پیدا صورتحال پر بھی غور ہوگا۔

اجلاس کے دوران نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار شرکائے اجلاس کو 4ملکی وزرائے خارجہ اجلاس میں ہونے والی پیشرفت پر آگہی دیں گے۔ اس دوران ملک میں موجود پیٹرولیم ذخائر اور ترسیل کے ساتھ ساتھ کفایت شعاری اور اس سے متعلق اقدامات پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شرکا کو مجوزہ اسمارٹ لاک ڈاؤن اور دیگر اقدامات پر بھی بریفنگ دی جائے گی۔ اسمارٹ لاک ڈاؤن پر صوبوں کی تجاویز پر بھی غور کیا جائے گا۔ اجلاس کےد وران رکشہ اور موٹر سائیکل ڈرائیورز کو سبسڈی دینے سے متعلق بھی اہم فیصلوں کی توقع کی جارہی ہے۔