اسحاق ڈار کل چین جائیں گے
پاکستان اور چین کے درمیان ہر موسم میں قائم رہنے والی اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری موجود ہے،دفتر خارجہ
فائل فوٹو
اسلام آباد:چین کے وزیر خارجہ وانگ یی کی دعوت پر نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کل چین کا دورہ کریں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور چین کے درمیان ہر موسم میں قائم رہنے والی اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری موجود ہے، جو علاقائی اور بین الاقوامی امور پر قریبی ہم آہنگی اور باقاعدہ مشاورت سے عبارت ہے۔
اس تناظر میں یہ آئندہ دورہ دونوں ممالک کو علاقائی صورتحال کے ساتھ ساتھ دوطرفہ اور عالمی سطح کے باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کا موقع فراہم کرے گا۔
نائب وزیراعظم کا یہ دورہ گزشتہ روز کندھے کے فریکچر کے بعد ڈاکٹروں کی جانب سے آرام کے مشورے کے باوجود اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان اپنے چین کے ساتھ تعلقات کو کس قدر اہمیت دیتا ہے۔