اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی بروقت کارروائی، گلیشیئر ہٹا کر 35 سیاح ریسکیو

آپریشن میں ضلعی انتظامیہ، سوات پولیس، ٹورازم پولیس اور ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے بھی بھرپور حصہ لیا۔

               
March 30, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

سوات: سوات کے مشہور سیاحتی مقام کالام میں مہوڈنڈ روڈ پر گلیشیئر گرنے کے باعث بند ہونے والی شاہراہ کو اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی (USDA) نے 5 گھنٹے کے طویل آپریشن کے بعد ٹریفک کے لیے بحال کر دیا ہے۔ آپریشن کے دوران برف میں پھنسے 35 سیاحوں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔

ترجمان اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے مطابق گلیشیئر گرنے کی اطلاع ملتے ہی اتھارٹی کی بھاری مشینری کو فوری طور پر جائے وقوعہ پر روانہ کیا گیا۔ آپریشن کے دوران پہلی ترجیح برف میں پھنسے افراد کو نکالنا تھا۔ 15 سے زائد گاڑیوں میں موجود 35 سیاحوں کو ریسکیو کر کے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔

اتھارٹی کی ٹیموں نے 5 گھنٹے کی مسلسل محنت کے بعد بھاری مشینری کے ذریعے گلیشیئر کو ہٹا کر راستہ صاف کیا۔اس آپریشن میں ضلعی انتظامیہ، سوات پولیس، ٹورازم پولیس اور ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے بھی بھرپور حصہ لیا۔

ترجمان نے بتایا کہ اب مقامی آبادی اور سیاحوں کی آمدورفت دوبارہ شروع ہو چکی ہے۔ تاہم، خراب موسم کے پیشِ نظر اتھارٹی نے سیاحوں کے لیے چند ضروری ہدایات جاری کی ہیں جن میں برفباری اور شدید موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے مکمل گریز کریں۔

محکمہ سیاحت کی جانب سے جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔کسی بھی ہنگامی صورتحال یا مدد کی ضرورت پڑنے پر فوری طور پر ہیلپ لائن 1422 پر رابطہ کریں۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سیاحوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے الرٹ ہیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔