بھارت کی ایک اور ’فالس فلیگ آپریشن‘ کی سازش بے نقاب، قیدیوں کو استعمال کرنے کا منصوبہ

بھارتی جیلوں میں اس وقت سینکڑوں بے گناہ پاکستانی اور کشمیری محبوس ہیں، جن میں سے اکثریت ان افراد کی ہے جو غلطی سے سرحد عبور کر گئے تھے، ذرائع

               
March 30, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد / نئی دہلی: بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف ایک اور مہم جوئی اور ’فالس فلیگ آپریشن‘ کی بڑی سازش بے نقاب ہو گئی ہے۔ باوثوق ذرائع سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق، بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ اور وزارت خارجہ نے عالمی سطح پر ہزیمت مٹانے اور اندرونی و بیرونی دباؤ سے توجہ ہٹانے کے لیے ایک نیا ڈرامہ تیار کیا ہے جس میں بے گناہ پاکستانی قیدیوں کو مہرے کے طور پر استعمال کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی جیلوں میں اس وقت سینکڑوں بے گناہ پاکستانی اور کشمیری محبوس ہیں، جن میں سے اکثریت ان افراد کی ہے جو غلطی سے سرحد عبور کر گئے تھے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق، بھارتی سیکیورٹی فورسز نے ان قیدیوں میں سے چند مخصوص افراد کو مختلف جیلوں سے نکال کر ایک جگہ منتقل کرنا شروع کر دیا ہے۔ اس گھناؤنی سازش کو حقیقت کا رنگ دینے کے لیے چند بھارتی قیدیوں کو بھی اس منصوبے کا حصہ بنایا جا رہا ہے تاکہ ’گودی میڈیا‘ کے ذریعے دنیا کو گمراہ کیا جا سکے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ وزیر خارجہ جے شنکر اور بھارتی اسٹیبلشمنٹ اس وقت شدید سفارتی دباؤ کا شکار ہے۔ پاکستان کے خلاف عالمی سطح پر بیانیہ بنانے میں ناکامی کے بعد اب دوبارہ وہی ’فرسودہ اور گھسا پٹا‘ راستہ اختیار کیا جا رہا ہے۔ اس مجوزہ فالس فلیگ آپریشن کا مقصد سرحد پار دراندازی کا جھوٹا شور مچا کر عالمی برادری کی ہمدردیاں حاصل کرنا اور پاکستان کو دفاعی پوزیشن پر لانا ہے۔

واضح رہے کہ بھارت ماضی میں بھی پلواما اور پہلگام جیسے واقعات کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کر چکا ہے، تاہم ایک طویل عرصہ گزرنے کے باوجود نئی دہلی ان واقعات میں اپنے الزامات کے حق میں کوئی بھی ٹھوس ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہا ہے۔ عالمی برادری اب بھارت کے ان تکراری بیانیوں اور مضحکہ خیز پروپیگنڈے سے بیزار دکھائی دیتی ہے۔