این اے 127:الیکشن ٹریبونل نے عطا اللہ تارڑ کی کامیابی درست قرار دے دی

درخواست قواعد و ضوابط کے مطابق دائر نہیں کی گئی اور اس کے ساتھ منسلک دستاویزات بھی غیر مصدقہ ہیں

               
March 31, 2026 · قومی

لاہور میں الیکشن ٹریبونل نے این اے 127 کے انتخابی نتائج سے متعلق اہم فیصلہ سناتے ہوئے عطا اللہ تارڑ کی کامیابی کو برقرار رکھا ہے۔

الیکشن ٹریبونل کے جج رانا زاہد محمود نے کیس کی سماعت کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار ظہیر عباس کھوکھر کی جانب سے دائر درخواست کو ناقابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔

درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ این اے 127 میں بڑے پیمانے پر دھاندلی ہوئی اور کامیابی کا نوٹیفکیشن حقائق کے برعکس جاری کیا گیا، لہٰذا نتائج کو کالعدم قرار دیا جائے۔

دورانِ سماعت عطا اللہ تارڑ کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ درخواست قواعد و ضوابط کے مطابق دائر نہیں کی گئی اور اس کے ساتھ منسلک دستاویزات بھی غیر مصدقہ ہیں، اس لیے اسے قابلِ سماعت نہیں سمجھا جا سکتا۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے درخواست مسترد کر دی اور عطا اللہ تارڑ کی کامیابی کو درست قرار دے دیا۔