آئی ایس پی آر نے “جرأت کے نشان” کی نئی سنسنی خیز قسط جاری کر دی

قسط میں دکھایا گیا ہے کہ بھاری اسلحے سے لیس دہشت گردوں کے خلاف کم نفری کے باوجود ثابت قدمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی

               
March 31, 2026 · قومی

لاہور: آئی ایس پی آر کی جانب سے سیریز “جرأت کے نشان” کی نئی قسط جاری کر دی گئی، جس میں پاک فوج کے جوانوں کی دہشت گردی کے خلاف بے مثال بہادری کو اجاگر کیا گیا ہے۔

جاری کردہ قسط میں شہید افسر میجر علی اور حوالدار نثار کی جرأت اور قربانی کی داستان پیش کی گئی ہے، جنہوں نے بلوچستان کے علاقے ژوب میں ایک خطرناک انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔

قسط میں دکھایا گیا ہے کہ بھاری اسلحے سے لیس دہشت گردوں کے خلاف کم نفری کے باوجود ایس ایس جی ٹیم نے مؤثر حکمتِ عملی اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔ جوانوں نے نہ صرف دہشت گردوں کو روکا بلکہ انہیں انجام تک بھی پہنچایا۔

اس آپریشن کے دوران میجر علی اور حوالدار نثار نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے بہادری اور قربانی کی نئی مثال قائم کی اور معصوم شہریوں کی جانیں بچائیں۔

یہ قسط ان عظیم شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے اور اس حقیقت کو اجاگر کرتی ہے کہ پاکستان کا امن اور استحکام بہادر سپاہیوں کی قربانیوں کا مرہونِ منت ہے۔