اسلام آباد میں معروف بزنس مین کو قتل کرنے والا گینگ چارسدہ سے گرفتار
منصور خان ڈکیت گینگ بین الصوبائی گینگ ہے جس میں افغان باشندے بھی شامل ہیں ،طلال چوہدری
فائل فوٹو
اسلام آباد: پولیس نے معروف کاروباری شخصیت عامر اعوان کو دوران ڈکیتی قتل کرنے والے خیبرپختونخوا کے ڈکیت گینگ کو چارسدہ سے گرفتار کرلیا، منصور خان ڈکیت گینگ بین الصوبائی گینگ ہے جس میں افغان باشندے بھی شامل ہیں۔
ڈکیتوں کی گرفتاری کا اعلان وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری اور آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے پریس کانفرنس میں کیا۔
طلال چوہدری نے کہا کہ اسلام آباد میں پرسوں رات ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا، اسلام آباد کی کاروباری شخصیت عامر اعوان کو ڈکیتی کی واردات کے دوران قتل کیا گیا، اسلام آباد میں جرائم کا مسئلہ دوسرے صوبوں سے ہٹ کر ہے، اسلام آباد میں بین الاقوامی وفود، سفارتکار، غیر ملکی کاروباری شخصیات سمیت چاروں صوبوں سے شہری یہاں رہتے ہیں، اسلام آباد میں امن و امان برقرار رکھنا باقی صوبوں سے زیادہ مشکل ہوتا ہے۔
طلال چوہدری نے کہا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد کے امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے بنیادی فیصلے کیے، اسلام آباد میں سیف سٹی کیمروں کو مکمل فعال کیا گیا، اسلام آباد پولیس کو وسائل کی بے شمار کمی تھی اور نہ ہی فرانزک لیب تھی، بنیادی مسائل کو بیک وقت حل کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے گئے، پاکستان کا پہلا سیف سٹی ہو گا جہاں ٹریفک ، امن و امان سمیت اے آئی ٹیکنالوجی سے مدد لی جائے گی۔