صدرمملکت۔ وزیر اعظم کا خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں پر خراجِ تحسین

ملک کی حفاظت کے لیے سکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی مانند ہیں

               
April 1, 2026 · قومی

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے خیبر اور بنوں میں کارروائیوں کے دوران فتنہ الخوارج کے 13 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی ہے۔

بدھ کو ایوانِ صدر کے پریس وِنگ سے جاری بیان کے مطابق صدرِ مملکت نے کہا کہ وطن عزیز سے بیرونی پشت پناہی میں سرگرم دہشت گردی کے مکمل خاتمے کےلئے قومی عزم غیر متزلزل ہے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ ملکی سلامتی اور عوام کے تحفظ کےلئے بیرونی پشت پناہی میں سرگرم دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز جاری رکھے جائیں۔علاوہ ازیں وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے بدھ کو جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ ملک کی حفاظت کے لیے سکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی مانند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہے۔