ڈی آئی خان پولیس مقابلے میں مطلوب ڈکیت ہلاک۔ فائرنگ واقعے میں 6 افراد جاں بحق
پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کیا
ڈیرہ اسماعیل خان میں متعدد سنگین وارداتوں میں مطلوب بدنام زمانہ ڈکیت ذوالفقار مروت پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گیا، پولیس حکام کے مطابق کارروائی خفیہ اطلاع پر کی گئی۔
پولیس کے مطابق گاؤں چھوری بھور میں فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ملزم کی فائرنگ سے 6 افراد جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہو گئے۔ جاں بحق افراد کا تعلق اُسترانہ قبیلے سے بتایا جاتا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اُسترانہ قبیلے کے معززین موٹر سائیکل کے تنازع پر جرگہ کی صورت میں ملزم کے پاس گئے تھے، تاہم ملزم ذوالفقار مروت نے جرگہ ارکان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی
واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کیا۔ ایس پی سٹی مرتضیٰ خان کی قیادت میں ڈی ایس پی اور دیگر اہلکاروں نے کارروائی میں حصہ لیا
پولیس کے مطابق ملزم اشفاق مروت کی اطلاع پر ایک ٹھکانے پر چھاپہ مارا گیا، جہاں موجود ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ جوابی کارروائی کے دوران مرکزی ملزم ذوالفقار مروت مارا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزم کے قبضے سے کلاشنکوف اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔