مکہ مکرمہ میں پانچویں صدی ہجری کے قرآن کریم کے نایاب نسخے کی نمائش

اس نایاب نسخے کی خطاطی کشتی کی شکل میں کی گئی ہے

               

مکہ مکرمہ میں پانچویں صدی ہجری کے قرآن کریم کے نایاب نسخے کو نمائش کیلئے پیش کر دیا گیا ہے۔

مکہ مکرمہ کے حرا کلچرل ڈسٹرکٹ میں واقع قرآن میوزیم نے اسلامی فنون کے ایک منفرد اور نایاب مثال کو اجاگر کیا ہے اور قرآن کریم کے ایک نایاب اور تاریخی نسخہ کو نمائش کیلئے پیش کر دیا ہے جس کی خطاطی کشتی کی شکل میں کی گئی ہے۔ ایس پی اے کے مطابق یہ قدیم و نایاب نسخہ مسلمانوں کی صدیوں پر محیط خطاطی اور کتابت کے فن میں مہارت اور تخلیقی صلاحیتوں کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ نادر نسخہ ایک منفرد ثقافتی ورثہ ہے جسے 6 رقوق (چمڑے کے صفحات) پر اندلسی خط میں تحریر کیا گیا ہے، اس میں سورہ الزخرف کی آیات مبارکہ تحریر کی گئی ہیں۔

ماہرین کے مطابق یہ نسخہ پانچویں صدی ہجری کا ہے، جو اس دور میں اسلامی خطاطی اور تزئین و آرائش کے فن کے ارتقا کا گواہ ہے۔نسخے میں وقت کے اثرات بھی نمایاں ہیں، بعض حروف کی سیاہی ماند ہو کر بھورا رنگ اختیار کرچکی ہے جبکہ بعد میں قرآت میں سہولت کےلیے سرخ رنگ کی علامات شامل کی گئی ہیں، جو مسلمانوں کی قرآن پاک کے نسخے محفوظ کرنے اور تلاوت کو آسان بنانے میں دلچسپی کو ظاہر کرتے ہیں۔یہ نایاب و نادر قرآنی نسخہ کنگ عبدالعزیز لائبریری کے ذخیرے میں محفوظ ہے، جو اسلامی ورثے اور نادر مخطوطات کے تحفظ اور تحقیق کے حوالے سے نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔ اس قرآنی نسخے کی نمائش نہ صرف قرآن کریم کی تاریخ کو دستاویزی شکل میں پیش کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔