خیبرپختونخوا میں شدید بارشوں سے تباہی ، 18 افراد جاں بحق
72 زخمی ہو گئے ،60 سے زائد مکانات متاثر،مزید تیز بارشوں کا امکان ہے،پی ڈی ایم اے
فوٹو سوشل میڈیا
پشاور:خیبرپختونخوا میں شدید بارشوں اور طوفانوں نے تباہی مچا دی، مختلف اضلاع میں پیش آنے والے حادثات کے نتیجے میں کم از کم 18 افراد جاں بحق جبکہ 72 زخمی ہو گئے ہیں۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق زیادہ تر اموات گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے کے باعث ہوئیں، جاں بحق افراد میں بچوں کی تعداد زیادہ ہے۔
بارشوں سے اب تک 60 سے زائد مکانات متاثر ہوئے، جن میں کئی مکمل طور پر تباہ جبکہ متعدد کو جزوی نقصان پہنچا۔ متاثرہ علاقوں میں بنوں، پشاور، نوشہرہ، کوہاٹ، باجوڑ، لکی مروت اور دیگر اضلاع شامل ہیں۔
ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے امدادی کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ متاثرہ خاندانوں کو فوری ریلیف فراہم کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، خصوصاً بنوں میں صورتحال زیادہ سنگین بتائی جا رہی ہے۔
دوسری جانب پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ 2 سے 4 اپریل کے دوران صوبے کے بیشتر اضلاع میں مزید تیز بارشوں کا امکان ہے۔
حکام کے مطابق شدید بارشوں کے باعث دریائے کابل اور اس سے منسلک ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافہ متوقع ہے، جس کے باعث نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اس دوران تیز ہوائیں، گرج چمک اور ژالہ باری بھی متوقع ہے، جبکہ بعض علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔
حکام نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے شدید متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے، جہاں حالیہ برسوں میں غیر معمولی موسم اور قدرتی آفات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔