پاکستان اور ناروے کے درمیان ماحولیاتی تعاون کا تاریخی معاہدہ طے

پیرس معاہدے آرٹیکل 6 کے تحت پاکستان اور ناروے میں پائیدار ترقی کے لیے شراکت داری کا آغاز ہو گیا

               
April 1, 2026 · اہم خبریں, قومی
فوٹو پریس ریلیز

فوٹو پریس ریلیز

اسلام آباد:-افضل شاہ یوسفزئی : وزارتِ موسمیاتی تبدیلی کے زیرِ اہتمام منعقدہ تقریب میں پیرس معاہدہ کے آرٹیکل 6 کے تحت دونوں ممالک نے معاہدے کو حتمی شکل دی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے اس شراکت داری کو دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ پاکستان میں کلائمیٹ اسمارٹ ایگریکلچر اور صاف توانائی کے فروغ کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے نہ صرف پاکستان کی کاربن مارکیٹ کو عالمی سطح پر تقویت ملے گی بلکہ گرین اکانومی کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ وفاقی وزیر کے مطابق حکومت ویسٹ مینجمنٹ، زراعت، ٹرانسپورٹ اور توانائی سمیت اہم شعبوں میں پائیدار ترقی کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔

تقریب میں شریک ناروے کے سفیر نے معاہدے کو دوطرفہ ماحولیاتی تعاون کے نئے دور کا آغاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ناروے پاکستان کے ساتھ ماحولیاتی اہداف کے حصول میں بھرپور تعاون جاری رکھے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ شراکت داری برابری، شفافیت اور باہمی اعتماد کے اصولوں پر قائم ہے، جس کا مقصد نجی شعبے کی سرمایہ کاری کو فروغ دینا اور گرین گروتھ کو تیز کرنا ہے۔