پاکستان اورافغان طالبات کے درمیان مذاکرات چین میں دوبارہ شروع
بیجنگ جاری لڑائی کے بعد پائیدار جنگ بندی کرانے کی کوشش کر رہا ہے
پاکستان اور افغانستان میں طالبان کی حکومت کے نمائندوں کے مابین چین کی ثالثی میں مذاکرات دوبارہ شروع ہو گئے ہیں۔ پاکستانی حکام کے مطابق بیجنگ ایک ماہ سے زیادہ عرصے سے جاری لڑائی کے بعد پائیدار جنگ بندی کرانے کی کوشش کر رہا ہے۔
جرمن نشریاتی ادارے کے مطابق،دونوں ممالک کے نمائندے چین کے شمالی شہر ارمچی میں ملاقات کر رہے ہیں۔ ایک سرکاری اہلکار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ ان مذاکرات کا مقصد موجودہ لڑائی کو ختم کرنا ہے۔
چین نے اس معاملے پر ابھی تک کوئی تبصرہ نہیں کیا، پاکستان کی وزارت خارجہ نے بھی اس پیش رفت کی کوئی تصدیق یا تردید نہیں کی۔حکام کے مطابق یہ مذاکرات پاکستان اور اس کے ہمسایہ ملک افغانستان کے لاکھوں لوگوں کے لیے ممکنہ ریلیف کا باعث بن سکتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق مذاکرات کا یہ تازہ دور اس وقت شروع ہوا جب دونوں فریقوں نے چین کی نئے سرے سے ثالثی کی پیشکش قبول کر لی۔